ہندوستان سنسنی خیز مقابلے میں آخری گیند پر کامیاب

ہرارے(پی ایف پی ) ہندوستان نے زمبابوے کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین رنز سے شکست دے کر سیریز 2-1 سے جیت لی۔ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے ہندوستان کو بیٹنگ کی دعوت دینے کا فیصلہ کیا جو باؤلرز نے درست ثابت کر دکھایا۔

گزشتہ میچ کے برعکس اس مرتبہ ہندوستانی بلے باز متاثر کن کیل پیش نہ کرسکے اور وقفے وقفے سے وکٹیں گوناتے رہے۔

93 رنز پر پانچ وکٹیں والی ہندوستانی ٹیم کو کیدھار جادھو نے سنبھالا دیا اور 58 رنز کی شاندار اننگ کھیل کر ٹیم کا مجموعہ 138 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

لوکیش راہل 22 جبکہ امبتی رائیڈو اور اکشر پٹیل 20، 20 رنز بنا کر نمایاں رہے، زمبابوے کی جانب سے ڈونلڈ تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

139 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے ابتدا میں ہی چمو چبابا سے محروم ہو گئی۔

ووسی سبانڈا اور ہملٹن مساکاڈزا نے اسکور کو 57 تک پہنچایا ہی تھا کہ دونوں کھلاڑی یکے بعد دیگرے پویلین لوٹ گئے۔

ساٹھ رنز پر تین وکٹوں سے محروم ہونے کے بعد پیٹر مور اور میلکم والر نے 26 رنز جوڑ کر اسکور کو 86 تک پہنچا دیا، مور 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

104 کے مجموعی اسکور پر والر کی ہمت بھی جواب دے گئی جس سے زمبابوین ٹیم شدید مشکلات سے دوچار ہو گئی۔

آخری اوور میں زمبابوے کو جیت کیلئے 21 رنز درکار تھے اور دھونی نے سیریز میں اپنے سب سے کامیاب باؤلر برندر سران کو گیند تھما دی۔

ماروما نے پہلئی ہی گیند پر چھکا لگا کر مقابلے کو سنسنی خیز بنا دیا جبکہ اگلی گیند وائیڈ ہو گئی، اس سے اگلی گیند نوبال قرار پائی اور اس پر چوکا لگ گیا۔

ایک گیند پر 12 رنز بننے کے بعد سران نے شاندار انداز میں واپسی کر کے اگلی دو گیندوں پر کوئی رن نہ بننے دیا جبکہ اوور کی چوتھی گیند سنگل رن بنا تو اسٹرائیک چگمبرا کے پاس آ گئی۔

چگمبرا نے پانچویں گیند کو چوکا لگا کر اپنی ٹیم کی میچ میں جیت کے امکانات کو برقرار رکھا اور یوں زمبابوے کو آخری گیند پر جیت کیلئے چار رنز درکار تھے۔

سران نے شاندار باؤلنگ کراتے ہوئے چگمبرا کی وکٹیں بکھیر کر اپنی ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے میں تین رنز سے کامیابی دلاتے ہوئے سیریز بھی 2-1 اپنے ٹیم کے نام کرا دی۔

کیدھار جادھو کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ سران کو سیریز کے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

Leave your vote

0 points
Upvote Downvote

Total votes: 0

Upvotes: 0

Upvotes percentage: 0.000000%

Downvotes: 0

Downvotes percentage: 0.000000%

اپنا تبصرہ بھیجیں