ہارون رشید پی سی بی میں نئے عہدے کیلئے تیار

کراچی(پی ایف پی) پاکستان کے چیف سلیکٹر کے عہدے سے برطرف کئیے جانے کے محض دو ماہ بعد ہارون رشید پاکستان کرکٹ بورڈ میں بحیثیت ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز واپس آنے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔

باوثوق ذرائع کے مطابق ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اور ایشیا کپ میں قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد کی گئی تبدیلیوں کے نتیجے میں بورڈ کے کرکٹ سیٹ اپ میں پیدا ہونے والی نئی پوزیشن کے لیے ہارون رشید نے درخواست دی ہے۔

‘وہ اس عہدے کے مضبوط امیدوار ہیں کیونکہ وہ بورڈ کے چند سینئر آفیشلز سمیت ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کے بھی انتہائی قریب ہیں۔

صرف ہارون رشید ہی نہیں بلکہ ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد کوچ وقار یونس اور کپتان شاہد آفریدی نے بھی اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا تھا جبکہ بورڈ نے شکست کی وجوہات جاننے کیلئے ہمیشہ کی طرح ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی تھی۔

کمیٹی کی سفارشات پر عمل کرتے ہوئے پی سی بی نے ہارون رشید سمیت پوری سلیکشن کمیٹی کو فارغ کردیا تھا۔

بورڈ میں کی گئی نئی تبدیلیوں کے نتیجے میں انضمام الحق کی زیرسرپرستی ایک نئی سلیکشن کمیٹی تشکیل دی گئی جبکہ مکی آرتھر کو قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ اور مدثر نذر کو ڈائریکٹر اکیڈمیز مقرر کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ہارون رشید اس عہدے کے لیے مضبوط امیدوار ہیں کیونکہ نئے عہدے کا اشتہار اسی کو مد نظر رکھتے ہوئے دیا گیا ہے۔

ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز کے عہدے کے لیے اشتہار کچھ اس طرح دیا گیا ہے کہ ہارون رشید کی عہدے پر تقرری ہوسکے کیونکہ وہ دس سال تجربے سمیت عہدے کے لیے درکار دیگر شرائط پر بھی پورے اترتے ہیں۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ جب چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے بورڈ کے سیٹ اپ میں تبدیلیوں کا عندیہ دیا تھا تو نجم سیٹھی نے ہارون رشید کی برطرفی کی مخالفت کی تھی۔

ذرائع نے انکشاف کیا کہ بورڈ آف گورنرز کے حالیہ اجلاس میں جب نئے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز کی تقرری کا معاملہ زیر غور آیا اور اس موقع پر ہارون رشید کا ذکر کیا گیا۔ شہریار خان پی سی بی کے کسی بھی عہدے پر ہارون رشید کو ایک اور موقع دینے کے حق میں نہیں تھے لیکن اکثر اراکین کا موقف تھا کہ اگر سابق چیف سلیکٹر درخواست دیں تو اس پر غور کیا جانا چاہیے۔

Leave your vote

0 points
Upvote Downvote

Total votes: 0

Upvotes: 0

Upvotes percentage: 0.000000%

Downvotes: 0

Downvotes percentage: 0.000000%

اپنا تبصرہ بھیجیں