کرائسٹ چرچ ٹیسٹ؛ پاکستانی بیٹنگ لائن دوسری اننگز میں بھی لڑکھڑا گئی

کرائسٹ چرچ(پی ایف پی) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے ٹیسٹ میں قومی ٹیم کے 133 رنز کے جواب میں کیوی ٹیم بھی 200 رنز پر ڈھیر ہو گئی جب کہ پاکستان کی دوسری اننگز میں بیٹنگ جاری ہے اور قومی ٹیم شدید مشکلات کا شکار ہے۔
کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول گراؤنڈ میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کے 133 رنز کے جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 200 رنز پر آؤٹ ہو گئی جس سے میزبان ٹیم کو گرین کیپس پر 67 رنز کی سبقت حاصل ہو گئی جب کہ قومی ٹیم کی دوسری اننگز میں بیٹنگ جاری ہے اور تیسرے روز کا کھیل ختم ہونے پر قومی ٹیم نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنا لئے ہیں، قومی ٹیم کی نیوزی لینڈ پر مجموعی سبقت 62 رنز ہو گئی ہے۔
پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز کا آغاز سمیع اسلم اور اظہر علی نے کیا لیکن سمیع اسلم 7 رنز بنا کر گرینڈ ہوم کا شکار بن گئے جب کہ بابر اعظم 29 رنز بنا کر نیل ویگنر کا شکار بنے۔ تجربہ کار بلے باز یونس خان بھی صرف ایک رن بنا کر نیل ویگنر کا شکار بنے۔ کپتان مصباح الحق 13 رنز پر غیر ذمہ دارانہ شارٹ کھیلتے ہوئے کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ اظہر علی کو 31 اور سرفراز احمد کو 2 رنز پر ٹرینٹ بولٹ نے کلین بولڈ کیا، محمد عامر بھی ٹرینٹ بولڈ کا شکار بنے۔ تیسرے روز کھیل ختم ہونے پر سہیل خان 22 اور اسد شفیق 6 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔
تیسرے دن کا کھیل شروع ہوا تو میزبان ٹیم نے اپنی نامکمل اننگز 104 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی تو مجموعی اسکور میں صرف ایک رنز کے اضافے کے بعد ہینری نیکولس 30 رنز بنا کر سہیل خان کا شکار بن گئے جس کے بعد 109 کے مجموعی اسکور پر جیت راول بھی 55 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں گرینڈ ہوم 29، ٹیم ساؤتھی 22، نیل ویگنر 21 اور بی جے واٹلنگ نے 18 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے راحت علی نے 4 جب کہ محمد عامر اور سہیل خان نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل میزبان ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے مصباح الیون کو بیٹنگ کی دعوت دی تو گرین کیپس کی جانب سے سمیع اسلم اور اظہرعلی نے اننگز کا آغاز کیا تو 31 کے مجموعی اسکور پر اظہر علی 15 رنز بنا کر کلین بولڈ ہوگئے اور پھر وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور پوری ٹیم 133 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے کپتان مصباح الحق 31 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے، دیگر کھلاڑیوں میں سمیع اسلم نے 19 اور اسد شفیق نے 16 رنز بنائے۔ قومی ٹیم کے 4 بلے بازوں کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکا۔ سہیل خان نے 9، بابر اعظم اور سرفراز احمد نے 7، 7، یاسر شاہ نے 4، محمد عامر نے 3، یونس خان نے 2 اور راحت علی صفر پر آؤٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے کولن گرینڈ ہوم نے تباہ کن بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 پاکستانی بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ ٹم ساؤتھی اور ٹرینٹ بولٹ کے حصے میں انفرادی طور پر 2، 2 وکٹیں آئیں۔
کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کا پہلا روز بارش سے متاثر ہو گیا تھا جب کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے آج بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

Leave your vote

0 points
Upvote Downvote

Total votes: 0

Upvotes: 0

Upvotes percentage: 0.000000%

Downvotes: 0

Downvotes percentage: 0.000000%

اپنا تبصرہ بھیجیں