نواز شریف

پاکستان پرچند لوگوں کو اجارہ داری قائم کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، نواز شریف

فیصل آباد(پی ایف پی)سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے اپنے خلاف عدالت میں چلنے والے مقدمات کے حوالے سے کہا کہ پیچھے ہٹنے والا بندہ نہیں ہوں، ظلم و زیادتی اور نا انصافی کا مقابلہ کروں گا۔

فیصل آباد میں مسلم لیگ ن کے رہنما چوہدری شریف کی برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ میں عدالت میں بیٹھا سوچ رہا تھا کہ میں نے تین مرتبہ قوم کی خدمت کی، کسی سے ڈرے بغیر ایٹمی دھماکے کیے اور آج پاکستان ایٹمی قوت بن چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم ملک میں سی پیک لائے، موٹر ویز بنائے، لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا اور ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کرنے کی کوشش کی۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ مجھے کس بات کی سزا دی جا رہی ہے؟ اس بات کی میں نے دن رات ملک کی خدمت کی، ملک میں موٹر ویز کا جال بچھایا، ملک سے اندھیرے ختم کر دیے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو اس بات پر نکال دیا گیا کہ بیٹے سے تنخواہ نہیں لی، کرپشن ایک پیسے کی بھی ثابت نہیں ہوئی لیکن جھوٹے مقدمات بنا دیے گئے، مقدمہ سراسر جھوٹ پر مبنی ہے اور آج کل عدالت میں روزانہ ان کا جھوٹ بے نقاب ہو رہا ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ آج تک ایمانداری کے ساتھ کام کیا ہے، ایک پیسے کی رشوت کا کبھی سوچ نہیں سکتا، کسی ٹھیکے پر کمیشن نہیں لیا۔

مسلم لیگ ن کے قائد نے کہا کہ لعنت بھیجتا ہوں کرپشن، کمیشن اور کک بیکس پر لیکن میرے اوپر مقدمہ 1962 سے چل رہا ہے جب میں 12 سال کا اور اسکول میں تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ پیچھے ہٹنے والا بندہ نہیں ہوں، ظلم، نا انصافی اور زیادتی کا مقابلہ کروں گا۔

نواز شریف نے کہا کہ قوم نے فیصلہ کر لیا ہے کہ کہ اپنے ووٹ کی حرمت کریں گے اور کسی کو اپنے ووٹ کو پاؤں تلے روندنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ کسی کو کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے اور چند لوگوں کو پاکستان پر اجارہ داری قائم کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی کی جاگیر نہیں ہے، اگر پاکستان کسی کی جاگیر ہے تو 22 کروڑ عوام کی جاگیر ہے۔

قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ اربوں روپے کی کرپشن کے الزامات عائد کیے گئے لیکن نااہلی اقامہ پر ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ اب ووٹ کو عزت دینے کی ذمہ داری عوام نے خود اٹھالی ہے۔

انہوں نے عوام سے کہا کہ 5 سال بعد جو انتظار کی گھڑی آ رہی ہے تو اس میں نواز شریف اور مسلم لیگ ن کو ووٹ دینا ہے، ووٹ کو عزت دینے کا ملطب عوام کو عزت دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو اب ایک نعرہ بن چکا ہے، اور عوام کا حق ہے کہ وہ جسے چاہیں ووٹ دیکر منتخب کریں اور جسے چاہیں گھر بھیج دیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ کسے وزیراعظم بنانا ہے اور کسے نہیں اس کا فیصلہ صرف عوام کے پاس ہونا چاہیے نا کہ کسی عدالت یا کسی اور کے پاس۔

Leave your vote

0 points
Upvote Downvote

Total votes: 0

Upvotes: 0

Upvotes percentage: 0.000000%

Downvotes: 0

Downvotes percentage: 0.000000%

اپنا تبصرہ بھیجیں