پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان آخری ٹی ٹوئنٹی میچ آج کھیلا جائے گا

ابوظہبی(پی ایف پی) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا تیسرا اور آخری میچ آج کھیلا جائے گا جب کہ پاکستان کو سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل ہے۔

گرین شرٹس نے مہمان ٹیم کو ابتدائی 2 میچز میں شکست دے کر پہلے ہی سیریز اپنے نام کرلی ہے جب کہ ٹی ٹوئنٹی کا آخری معرکہ دبئی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے شروع ہوگا۔ تیسرے میچ میں قومی ٹیم میں کسی تبدیلی کا امکان نہیں جب کہ مہمان ٹیم کے کپتان کارلوس بریتھ ویٹ اپنی ٹیم کی کارکردگی سے خوش نہیں اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ تیسرے میچ کے لئے ٹیم میں ایک سے 2 تبدیلیاں کی جاسکتی ہیں۔

قومی ٹیم کا اسکواڈ کپتان سرفراز احمد کی قیادت میں شرجیل خان، خالد لطیف، بابر اعظم، عمر اکمل، شعیب ملک، محمد رضوان، عماد وسیم، محمد عامر، محمد نواز، وہاب ریاض، سہیل تنویر، سعد نسیم اور رومان رئیس پر مشتمل ہے جب کہ ویسٹ انڈیز اسکواڈ میں کپتان بریتھ ویٹ کو جانسن چارلس، ڈیوائن براوو، آندرے فلیچر، سیمول بدری، جیسن ہولڈر، ایون لیوس، کیرن پولارڈ، سنیل نارائن، مارلن سیمولز، رومان پاویل، جیروم ٹیلر، چیڈوک والٹن اور کیسرک ولیمز کی خدمات حاصل ہوں گی۔

ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں پاکستان کا ٹی ٹوئنٹی میں ریکارڈ اچھا نہیں رہا ہے کیوں کہ اس میدان میں گرین شرٹس کی جانب سے اب تک 4 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جاچکے ہیں جن میں سے اسے صرف ایک میچ میں کامیابی حاصل ہوئی جب کہ اس گراؤنڈ کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ 4 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں ابھی تک پاکستان کا کوئی بھی بیٹسمین نصف سنچری اسکور کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکا ہے اور سب سے بڑا انفرادی اسکور48 رنز ناٹ آؤٹ ہے جو مصباح الحق نے سری لنکا کے خلاف بنایا تھا۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کی خاص بات یہ ہے کہ گرین شرٹس کے کپتان سرفراز احمد قیادت ملنے کے بعد پہلی مرتبہ مکمل سیریز میں قائدانہ صلاحیتیں دکھا رہے ہیں جس میں وہ کامیاب رہے اور سیریز اپنے نام کرلی ہے۔ پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈیز کو 9 وکٹوں اور دوسرے میچ میں 16 رنز سے شکست دی تھی۔

Leave your vote

0 points
Upvote Downvote

Total votes: 0

Upvotes: 0

Upvotes percentage: 0.000000%

Downvotes: 0

Downvotes percentage: 0.000000%

اپنا تبصرہ بھیجیں