معیشت کی ترقی کی رفتار کو بڑھانے کا وقت ہے،اسحاق ڈار

کراچی (پی ایف پی )وفاقی وزیر خزانہ، محصولات، اقتصادی امور ، شماریات و نجکاری سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ گذشتہ تین برسوں کے دوران اقتصادی پیمانوں میں خاصی بہتری آئی ہے اور یہ معیشت کی ترقی کی رفتار کو بڑھانے کا وقت ہے۔ انہوں نے یہ بات بینک دولت پاکستان کراچی میں منعقد ہونے والے اجلاس میں بینکوں کے صدور سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ تین برسوں کے دوران ملک کے زرمبادلہ کی صورت حال میں خاصی بہتری آئی ہے۔ انہوں نے اس بہتری میں اسٹیٹ بینک اور بینکوں کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آگے چل کرذخائر میں بہتری آئے گی اور امکان ہے کہ مالی سال کے آخر تک یہ 23 ارب ڈالر کی سطح کو چھو لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم توقع کر رہے ہیں کہ آئندہ ہفتے آئی ایف آئز سے مزید ایک ارب ڈالر موصول ہو جائیں گے۔ انہوں نے ملکی ترسیلاتِ زر سے متعلق کاوشوں پر بینکوں کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے بتایا کہ ٹی ٹی چارجز کی ادائیگی کی مد میں حکومت 2015-16 ءکے بجٹ میں مختص کی گئی رقم سے 3 ارب روپے جاری کر دے گی۔وزیر خزانہ نے اس امر پر اطمینا ن کا اظہار کیا کہ پاکستان پہلی مرتبہ آئی ایم ایف کے میکرواکنامک استحکام پروگرام کو پایہ تکمیل تک پہنچائے گا۔ کئی رکاوٹوں کے باوجود پاکستان کی تاریخ میں ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ ملک نے پروگرام کے تحت زیادہ سے زیادہ اصلاحات مکمل کی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا آئی ایم ایف کے ایک اور پروگرام میںشمولیت کا ارادہ نہیں ہے۔مالیاتی بہتری کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ترقیاتی بجٹ پر کوئی سمجھوتہ کیے بغیربجٹ خسارہ تین سال پہلے کے 8.8 فیصد سے بہتر ی کے بعد 4.3 فیصد پر آ گیا ہے۔ مالیاتی یکجائی کے جاری عمل سے خسارہ مزید کم ہورہا ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ اس کے نتیجے میںحکومت کی بینکاری نظام سے قرضوںکی ضروریات میں بھی کمی آئی ہے جس سے بینکوں کے لیے نجی شعبے کو قرضے دینے گنجائش پیدا ہو گئی ہے۔انہوںنے بینکوں پر زور دیا کہ وہ اس گنجائش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نجی شعبے کو قرضوںکی فراہمی میں اضافہ کریں، خصوصاً ایس ایم ای اور مائیکروفنانس شعبوں کے ساتھ ساتھ مکاناتی شعبے میں قرضے دیے جائیں۔ ملک میںمارگیج فنانسنگ کو فروغ دینے کے لیے انہوں نے پیشگی بندش کے قانون (foreclosure law) کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ایسے قوانین کے بغیر ہاﺅسنگ فنانس کو ترقی نہیں دی جا سکتی۔وزیر خزانہ نے مالی شعبے میں اسٹیٹ بینک کی کوششوںکو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مانیٹری پالیسی نے اقتصادی صورتحال کو تبدیل کرنے میں انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مالی شمولیت کے متعلق اسٹیٹ بینک کی کوششوں کا بین الاقوامی سطح پر اعتراف کیا گیا ہے۔قبل ازیں، گورنر اسٹیٹ بینک اشرف محمود وتھرا نے وزیر خزانہ کا خیرمقدم کیا۔ انہو ں نے کہا کہ اپنے مصروف شیڈول میں سے وقت نکالنے پر ہم آپ کے بے حد مشکور ہیں کیونکہ ہم سب کو معلوم ہے کہ اسحاق ڈار حالیہ دنوں میں اپنے منصب کے علاوہ کئی دیگر ذمہ داریاں بھی انجام دے رہے ہیں۔

Leave your vote

0 points
Upvote Downvote

Total votes: 0

Upvotes: 0

Upvotes percentage: 0.000000%

Downvotes: 0

Downvotes percentage: 0.000000%

اپنا تبصرہ بھیجیں