سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان

سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے کمپنی کے نام کے حصول کو کمپنی کی رجسٹریشن کے عمل کا حصہ بنا دیا

کمپنی کی رجسٹریشن کے طریق کار میں نمایاں تبدیلی کے بعد آن لائن طریقے سے کمپنی کی رجسٹریشن چار گھنٹوں میں ممکن ہو سکے گی

اسلام آباد( پی ایف پی )سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے کاروبار کو آسان بنانے کیلئے اصلاحات کے تسلسل میں نئی کمپنی کی رجسٹریشن کے عمل کو مزید سہل بناتے ہوئے کمپنی کیلئے نام کے حصول اور بعد ازاں کمپنی کی رجسٹریشن کو ایک ہی عمل کا حصہ بنا دیا۔

کمپنی کی رجسٹریشن کے طریق کار میں اس نمایاں تبدیلی کے بعد اب آن لائن طریقے سے کمپنی کی رجسٹریشن چار گھنٹوں میں ممکن ہو سکے گی۔ایس ای سی پی کی جانب سے کمپنی کے نام کی درخواست اور کمپنی کی رجسٹریشن کے عمل کو اکٹھا کرنا ورلڈ بینک کی رپورٹ میں کاروبار کے لئے آسانیاں فراہم کرنے والے عوامل کے عین مطابق ہے۔

کمپنی رجسٹریشن کے طریق کار میں تبدیلی کے بعد اب کمپنی رجسٹرڈ کرانے کے خواہش مند افراد کو صرف ایک درخواست جمع کروانی ہو گی جس میں کمپنی کے لئے تین نام تجویز کرنے ہوں گے جبکہ اسی درخواست کے ساتھ ہی مجوزہ کمپنی کا میمورنڈم آف ایسو سی ائیشن اور آرٹیکلز ایسوسی ائیشن بھی جمع کروانے ہوں گے۔

کمپنی کی رجسٹریشن کی درخواست کے ساتھ ہی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کا نام بھی ساتھ ہی تجویز کیا جا سکتا ہے۔ کمپنی کی رجسٹریشن کے مختلف مرحلوں کو یکجا کرنے سے کمپنی رجسٹریشن کی فیس میں بھی نمایاں کمی ہو گئی ہے۔ کمپنی کا نام محفوظ کروانے اور کمپنی کی رجسٹریشن کے عمل کو یکجا کرنے سے ایک کمپنی جس کا ادا شدہ سرمایہ ایک لاکھ روپے تک ہو، کی آن لائن رجسٹریشن کی فیس پندرہ سو پچاس روپے ہے جبکہ مینول طریقے سے یہ فیس تین ہزار روپے ہے۔

پہلے آن لائن طریق سے رجسٹریشن کی فیس دو ہزار تین سو روپے تھی جبکہ کمپنی رجسٹریشن کی مینول فیس چار ہزار پانچ سو روپے تھی۔ ایس ای سی پی ملک میں کاروباری سرگرمیوں کے لئے سہل اور سادہ طریق کار کی اہمیت سے آگاہ ہے اور ایسی اصلاحات کا عمل جاری رکھے گی جس سے معیشت کو دستاویزی شکل دی جا سکے اور کارپوریٹ سیکٹر کو فروغ حاصل ہو۔

Leave your vote

0 points
Upvote Downvote

Total votes: 0

Upvotes: 0

Upvotes percentage: 0.000000%

Downvotes: 0

Downvotes percentage: 0.000000%

اپنا تبصرہ بھیجیں