’زرداری، گیلانی اور حقانی پر غداری کا مقدمہ چلایا جائے‘ سپریم کورٹ میں درخواست

اسلام آباد(پی ایف پی) سابق صدر آصف علی زرداری، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق پاکستانی سفیر حسین حقانی کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔

سپریم کورٹ میں یہ درخواست حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما ظفر علی شاہ نے دائر کی ہے۔

دائر کی جانے والی درخواست میں وفاق، وزارت دفاع، وزارت خارجہ، سیکریٹری داخلہ، وزارت قانون، آصف زرداری، یوسف رضا گیلانی گیلانی اور حسین حقانی کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں عدالت عظمیٰ سے استدعا کی گئی ہے کہ سابق صدر آصف زرداری اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالا جائے۔

درخواست گزار نے موقف اپنایا ہے کہ امریکا کو ایبٹ آباد آپریشن کی اجازت دینے اور امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کو ویزے فراہم کرنے میں آصف زرداری نے ’فوج کے سپریم کمانڈر‘ سپریم کمانڈر کا عہدہ استعمال کیا۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ وزارت داخلہ اور وزارت قانون سابق پاکستانی سفیر حسین حقانی کو پاکستان واپس لانے کے لیے اقدامات کرے جبکہ وفاقی حکومت ایبٹ آباد کمیشن کی رپورٹ بھی منظر عام پر لائے۔

درخواست گزار نے یہ استدعا بھی کی کہ حسین حقانی نے بطور سفیر تعیناتی کے وقت جتنے امریکیوں کو ویزے جاری کیے ان کی تفصیلات طلب کی جائیں۔

درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ میمو کمیشن رپورٹ میں حسین حقانی پہلے ہی اشتہاری قرار دیے جا چکے ہیں۔

اپنی درخواست میں درخواست گزار ظفر علی شاہ نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ کیس کی سماعت کے لیے فل کورٹ بنچ تشکیل دیا جائے۔

خیال رہے کہ رواں ہفتے واشنگٹن پوسٹ میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں امریکا میں تعینات رہنے والے پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی نے دعویٰ کیا تھا کہ اوباما انتظامیہ سے ان کے ‘روابط’ کی وجہ سے ہی امریکا القاعدہ رہنما اسامہ بن لادن کو نشانہ بنانے اور ہلاک کرنے میں کامیاب ہوا۔

حسین حقانی کے اس بیان کے بعد ایک نیا پنڈورا بکس کھل گیا ہے اور وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی قومی اسمبلی کے اجلاس میں میمو گیٹ اسکینڈل اور سابق پاکستانی سفیر حسین حقانی کے حالیہ مضمون کی اوپن انکوائری کے لیے پارلیمانی کمیشن کے قیام کا مطالبہ کردیا ہے۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی حسین حقانی سے لاتعلقی کا اعلان کرچکی ہے جبکہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے سوال اٹھایا ہے کہ حسین حقانی کو ملک سے باہر کیوں جانے دیا گیا جبکہ میموگیٹ اسکینڈل سے تعلق کے باعث ان کا نام ایگزیٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل تھا۔

Leave your vote

0 points
Upvote Downvote

Total votes: 0

Upvotes: 0

Upvotes percentage: 0.000000%

Downvotes: 0

Downvotes percentage: 0.000000%

اپنا تبصرہ بھیجیں