مہندرا سنگھ دھونی نے عالمی ریکارڈ برابر کردیا

نئی دہلی(پی ایف پی)ہندوستان نے گزشتہ روز زمبابوے کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین رنز سے شکست دینے کے ساتھ ساتھ سیریز بھی 2-1 سے جیت لی لیکن اس کے علاوہ کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے ایک عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔

دھونی نے سابق عظیم آسٹریلین کرکٹر رکی پونٹنگ کا سب سے زیادہ 324 بین الاقوامی میچوں میں قیادت کا عالمی ریکارڈ برابر کردیا۔

دھونی پہلے ہی ہندوستان کے سب سے زیادہ میچوں میں قیادت کرنے کے ساتھ ساتھ کامیاب ترین کپتان بھی ہیں جہاں وہ 60 ٹیسٹ میچوں میں سے 27 جیتنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔

دھونی کو 194 ایک روزہ میچوں میں سے 107 اور 70 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں سے 41 میں فتح حاصل کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

ادھر رکی پونٹنگ 77 ٹیسٹ، 230 ایک روزہ اور 17 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں قیادت کرنے کا انوکھا اعزاز رکھتے ہیں۔

اس کے علاوہ 300 میچوں میں قیادت کا اعزاز صرف نیوزی لینڈ کے اسٹیفن فلیمنگ کو حاصل ہے جنہوں نے مجموعی طور پر 303 میچوں میں کیویز کی قیادت کے فرائض انجام دیے۔

رکی پونٹنگ کو بحیثیت کپتان سب سے زیادہ میچوں میں فتوحات کا اعزاز حاصل ہے جہاں مجموعی طور پر انہوں نے 220 میچوں میں کامیابی حاصل کی جبکہ دھونی نے 175 اور جنوبی افریقہ کے سابق کپتان گریم اسمتھ نے 163 میچوں میں فتوحات سمیٹیں۔

لیکن 2019 ورلڈ کپ تک کھیلنے کا عزم ظاہر کرنے والے ہندوستانی کپتان یقیناً جلد ہی یہ اعزاز اپنے نام کر لیں گے جب ستمبر اکتوبر میں نیوزی لینڈ کی ٹیم ہندوستان کے دورے پر جائے گی۔

Leave your vote

0 points
Upvote Downvote

Total votes: 0

Upvotes: 0

Upvotes percentage: 0.000000%

Downvotes: 0

Downvotes percentage: 0.000000%

اپنا تبصرہ بھیجیں