میونخ کے شاپنگ سینٹر میں فائرنگ، متعدد ہلاک

برلن (پی ایف پی)جرمنی کے شہر میونخ میں مسلح افراد نے مختلف مقامات پر فائرنگ کرکے متعدد افراد کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کردیا ہے۔
کم از کم چھ لوگوں کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں لیکن پولیس نے اس کی تصدیق نہیں کی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پولیس نے واقعے کے بعد جرمنی کے جنوبی شہر میں قائم اولمپک اسٹیڈیم کے قریب موجود شاپنگ سینٹر کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔
اولمپیا شاپنگ سینٹر کے اردگرد کے علاقے کو گھیرے میں لے کر آمد و رفت بند کر دی گئی ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق سپیشل فورسز کے دستے موقعے پر پہنچ گئے ہیں۔

میونخ پولیس نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ٹوئٹ کیا کہ ‘شاپنگ سینٹر میں پولیس کا آپریشن جاری ہے’۔


پولیس نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ ‘خبردار ۔۔۔۔۔۔او ای زیڈ کے اطراف میں آنے سے گریز کریں، اپنے گھروں میں رہیں’۔


پولیس کا کہنا تھا کہ ‘صورت حال ابھی قابو میں نہیں ہے اس لیے جائے وقوعہ اور عوامی مقامات پر جانے سے گریز کیا جائے’۔

پولیس کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں کی تعداد ایک سے زائد ہوسکتی ہے اور انھوں نے مختلف مقامات پر فائرنگ کی ہے۔

پولیس کے مطابق حملہ میونخ کے شاپنگ سینٹر اور میٹرو اسٹیشن سمیت 3 مقامات پر ہوا ہے اور ان حملوں میں ایک سے زائد حملہ آور ملوث ہیں۔

دوسری جانب ڈی پی اے نیوز ایجنسی نے میونخ پولیس کی خاتون ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ واقعے میں متعدد افراد ہلاک ہوئے ہیں، حملہ آوروں کی تعداد ایک سے زائد ہوسکتی ہے جبکہ حملہ آور کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔

بِلڈ اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق شاپنگ سینٹر کے باہر فائرنگ کرنے والا حملہ آور واقعے کے بعد میٹرو اسٹیشن کی جانب فرار ہوا۔

پولیس نے بتایا کہ حملہ آور کی ممکنہ طور پر میٹرو اسٹیشن میں موجودگی کے باعث اسٹیشن کو بند کرکے پولیس کی بھاری نفری نے سرچ آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔

دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر موجود ایک اکاؤنٹ ‘ورلڈ وان الرٹ’ نے ٹوئٹ کیا ہے کہ جرمنی کے شاپنگ سینٹر میں ہونے والے حملے میں 15 افراد ہلاک ہوگئے ہیں تاہم پولیس نے ان ہلاکتوں کی تصدیق نہیں کی ہے۔


‘ورلڈ وان الرٹ’ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر حملے کی ویڈیو میں ایک حملہ آور کو شاپنگ سینٹر کی چھت پر شہریوں پر فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

اسی ٹوئٹر اکاؤنٹ پر مزید ایک ویڈیو میں حملہ آور کو شاپنگ سینٹر کے باہر شہریوں پر فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔


اسی اکاؤنٹ پر کی جانے والی ٹوئٹ کے مطابق مسلح حملہ آوروں نے میونخ میں متعدد مقامات پر فائرنگ کی ہے جس میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں، ان میں میونخ کے شاپنگ سینٹر کے علاوہ میٹرو اسٹیشن اور ایک نامعلوم مقام شامل ہے۔

واقعے کے بعد میونخ کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک جام ہوگیا جبکہ ریسکیو، پولیس وینز اور ایمبولنس کو جائے وقوعہ کی جانب جاتے دیکھا گیا ہے۔


خیال رہے کہ گذشتہ روز ایک نو عمر نے جرمنی کی مقامی ٹرین میں چاقو اور کلہاڑی کے وار سے 5 افراد کو زخمی کردیا تھا، مذکورہ حملہ آور کے حوالے سے دعویٰ کیا گی اہے کہ وہ ایک ‘نو عمر پناہ گزین’ تھا۔

واضح رہے کہ گذشتہ کچھ سالوں سے یورپ کے مختلف ممالک میں دہشت گردی کے حملوں میں اضافہ ہو ہے، گذشتہ ہفتے فرانس کے شہر نائس میں ایک شخص نے عوام کو ٹرک سے کچل دیا تھا، اس حملے میں 84 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

نوٹ: یہ ابتدائی خبر ہے جس میں تفصیلات شامل کی جا رہی ہیں۔ بعض اوقات میڈیا کو ملنے والی ابتدائی معلومات درست نہیں ہوتی ہیں۔ لہٰذا ہماری کوشش ہے کہ ہم متعلقہ اداروں، حکام اور اپنے رپورٹرز سے بات کرکے باوثوق معلومات آپ تک پہنچائیں۔

Leave your vote

0 points
Upvote Downvote

Total votes: 0

Upvotes: 0

Upvotes percentage: 0.000000%

Downvotes: 0

Downvotes percentage: 0.000000%

اپنا تبصرہ بھیجیں