بلوچستان میں گزشتہ 68سال سے لوٹ مار کا بازار گرم ہے،سردار یار محمد رند

وہ وقت دور نہیں جب بلوچستان کے لوگ کرپشن میں ملوث لٹیروں کو نمونہ عبرت بنادیں گے

پی ٹی آئی 2018ء سے قبل جہد مسلسل کے ذریعے پانامہ لیکس کے کرپشن کنگز کو ان کے منطقی انجام تک پہنچائے گی

کرپٹ عناصر کو متنبہ کرتے ہیں لوٹ مار کا عمل فوری طور پر بند کردیں دوسری صورت میں اس ملک کے غریب ہاری مزدور ،محنت کش ان کو روڈوں پر گھسیٹیں گے ،عید ملن پارٹی کی تقریب سے خطاب

کوئٹہ(پی ایف پی) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی صدر سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ بلوچستان میں گزشتہ 68سال سے لوٹ مار کا بازار گرم ہے وہ وقت دور نہیں جب بلوچستان کے لوگ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے جناح روڈ پر کرپشن میں ملوث لٹیروں کو نمونہ عبرت بنادیں گے پی ٹی آئی 2018ء سے قبل جہد مسلسل کے ذریعے پانامہ لیکس کے کرپشن کنگز کو ان کے منطقی انجام تک پہنچائے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پی ٹی آئی کے زیر اہتمام کارکنوں ،رہنماوں کے اعزاز میں دی گئی عید ملن پارٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں صوبے بھر سے پی ٹی آئی کے ہزاروں کارکنوں نے شرکت کی اپنے خطاب میں سردار یار محمد رند نے کہا کہ کرپٹ عناصر کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ لوٹ مار کا عمل فوری طور پر بند کردیں دوسری صورت میں اس ملک کے غریب ہاری مزدور ،محنت کش ان کو روڈوں پر گھسیٹیں گے ۔انہوں نے کہا کہ 2018ء سے عوامی طاقت کے ذریعے لٹیروں کا بے رحمانہ احتساب کرکے ان سے لوٹ مار کی ایک ایک پائی وصول کریں گے۔ سردار یار محمدرند نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اس مختصر وقت کے پروگرام میں بلوچستان کے کونے کونے سے ہزاروں نوجوانوں ،خواتین اور کارکنوں کی شرکت اس بات کی دلیل ہے کہ ورکر عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں سوچ اور طریقہ کار پر تو اختلاف ہوسکتا ہے لیکن عمران خان کی قیادت پر سب کو اعتماد ہے پی ٹی آئی بلوچستان کو صوبے کے کونے کونے میں فعال کیا جائے گا تنظیم سازی مکمل کرلی جائے گی تاکہ 8اگست کے احتجاج کو صوبے بھر میں منظم طورپر کیا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو ترقی کی ر اہ پر گامزن کرنے کیلئے پی ٹی آئی کے پالیسی جامع ویژن اور مثبت سوچ ہے ہم اقتدار میں آکر یہ ثابت کرکے دکھائیں گے کہ انصاف پر مبنی معاشرہ کیسے قائم کیا جاسکتا ہے کرپشن کے تدارک اور عوام کو بنیادی ضروریات و سہولیات کی فراہمی کا جامع منصوبہ رکھتے ہیں بلوچستان کے وسائل کی لوٹ مار میں ملوث عناصر کو ایک ایک پائی کا حساب دینا ہوگا ۔سرداریار محمد رند نے کہا کہ عمران خان نے بلوچستان سے متعلق جو نئی ذمہ داریاں سو نپی ہیں ان کے اعتماد پر پورا اتریں گے اور پارٹی سے متعلق ہر فیصلہ نیک نیتی سے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے سینئر کارکنوں کی قدر کرتے ہیں جنہوں نے اپنی زندگی کے کئی برس پارٹی کیلئے مختص کردیئے بلاشبہ اقتدار میں آکر پارٹی کے محنتی کارکنوں کو انکا مقام دیں گے اورکارکن فرنٹ لائن پر ہوں گے انہوں نے کہا کہ بہت جلد کوئٹہ اور ژوب ڈویژن سمیت صوبے بھر میں تنظیمی دوروں کا شیڈول جاری کردیا جائے گا۔انہوں نے پروگرام کے منتظمین میر اسماعیل لہڑی ، سیدبسم اللہ آغا ، میر خدا بخش لہڑی، بابر مرغزانی ، داود شاہ کاکڑ سمیت دیگر آرگنائزر کو کامیاب پروگرام پر مبارکباد دی۔

Leave your vote

0 points
Upvote Downvote

Total votes: 0

Upvotes: 0

Upvotes percentage: 0.000000%

Downvotes: 0

Downvotes percentage: 0.000000%

اپنا تبصرہ بھیجیں