آندرے رسل پر ایک سال کی پابندی عائد

اسلام آباد(پی ایف پی)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنے والے ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے اسٹار آل راؤنڈر آندرے رسل پر ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی پر ایک سال کے لیے کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کردی گئی۔

غیرملکی خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق انسداد ڈوپنگ ٹریبیونل کے چیئرمین ہیو فلکنر نے فیصلہ سنایا اور جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ ‘آندرے رسل اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوئے ہیں’۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے دو دفعہ چمپیئن بننے والی ویسٹ انڈیز ٹیم کا حصہ رہنے والے رسل کو گزشتہ سال اینٹی ڈوپنگ کے قوانین کے مطابق 2015 میں تین مرتبہ ٹیسٹ نہ کروانے پر قانون کی خلاف ورزی پر جواب طلب کیا گیا تھا اور وہ قوانین کے مطابق ٹیسٹ کرانے میں ناکام رہے تھے۔

28 سالہ آندرے رسل کی پابندی کا اطلاق 31 جنوری سے ہوگا۔

واضح رہے کہ عالمی ڈوپنگ قوانین کے تحت اگر کوئی کھلاڑی 12ماہ کے عرصے میں تین مرتبہ بلانے پر بھی ٹیسٹ کیلئے حاضر نہ ہو تو اسے ڈوپ ٹیسٹ میں ناکام تصور کیا جاتا ہے۔

آندرے رسل کے حوالے سے ابتدائی طورپر دوسالہ پابندی کا خطرہ ظاہرکیا جارہا تھا تاہم ٹریبیونل نے سزا کو ایک سال تک محدود کردیا ہے۔

سماعت کے دوران ڈوپنگ الزامات عائد کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ رسل کو ان کے گھر فون اور دیگر طریقوں سے یاد دہانی کرائی گئی لیکن انہوں نے اس کو نظرانداز کیا۔

جواب میں رسل نے کہا کہ انہوں نے اپنے کیس کے لیے صحیح طریقے تیاری نہیں کی۔

آندرے رسل پی ایس ایل سمیت دنیا کی ٹی ٹوئنٹی لیگ کے لیے اہم کھلاڑی تصور کیے جاتے ہیں۔

رسل نے پی ایس ایل کے پہلے سیزن میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ابتدائی چمپیئن بنوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا اور اب پابندی کے بعد وہ لیگ کے دوسرے سیزن میں کھیلتے ہوئے نظر نہیں آئیں گے۔

Leave your vote

0 points
Upvote Downvote

Total votes: 0

Upvotes: 0

Upvotes percentage: 0.000000%

Downvotes: 0

Downvotes percentage: 0.000000%

اپنا تبصرہ بھیجیں