آفریدی کے بغیر پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا اعلان

کراچی(پی ایف پی) سرفرازاحمد کی قیادت میں انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی 13 رکنی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا اعلان کیا گیا اور شاہد آفریدی کو طویل عرصے بعد ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔

پاکستان ٹیم ون ڈے سیریز کے اختتام پر انگلینڈ کے خلاف ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی جو سرفراز احمد کا بطور کپتان پہلا میچ ہوگا۔

سابق کپتان شاہد آفریدی کو رواں سال ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد کپتانی سے ہٹا کر سرفراز کو نیا کپتان بنایا گیاتھا تاہم وہ سلیکٹرزکو متاثر کرنے میں ناکام رہے۔

شاہد آفریدی انگلینڈ میں ہمپشائر کی جانب سے کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے میں مصروف ہیں جہاں وہ قابل ذکر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔

انگلینڈ کے خلاف ٹیم میں سہیل تنویر کو شامل کیا گیا جبکہ ون ڈے سیریز میں ناقص باؤلنگ کرنے والے وہاب ریاض اور شعیب ملک کو بھی مختصر طرز کرکٹ میچ کے لیے منتخب کیا گیاہے۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ آفریدی کو بہترین کارکردگی کی بنیاد پر مستقبل میں ٹیم میں شامل کیا جاسکتا ہے۔

خبررساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ ‘میں نے پہلے کہا تھا کہ یہ ایک میچ ہے جس کے لیے آفریدی کو مدنظرنہیں رکھا جائے گا لیکن اگر وہ ڈومیسٹک سطح پر کارکردگی دکھانے میں کامیاب ہوئے تو انھیں موقع دیا جائے گا’۔

انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی کے لیے اوپنر احمد شہزاد اور عمراکمل کو بھی شامل نہیں کیا گیا ہے دونوں کھلاڑیوں کو ناقص کارکردگی پر انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز کے لیے بھی منتخب نہیں کیا گیا تھا۔

چیف سلیکٹر نے کہا کہ ‘اگر احمد شہزاد اور عمراکمل کی ڈسپلن اور کارکردگی اچھی ہوئی تو انھیں بھی فہرست میں رکھا جائے گا لیکن ہمیں صرف ایک میچ کے لیے ٹیم منتخب کرنی ہے اس لیے مستقبل کو مدنظر رکھا گیا ہے’۔

محمد حفیظ انجری کے باعث انگلینڈ کا دورہ ادھورا چھوڑ کر وطن واپس آئے ہیں اور ٹی ٹوئنٹی میچ سے بھی باہر ہوں گے۔

21 سالہ آل راؤنڈر عماد بٹ ٹیم میں جگہ بنانے والے نئے کھلاڑی ہیں۔

پاکستان کی 13 رکنی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

سرفرازاحمد (کپتان)، خالد لطیف، شرجیل خان، شعیب ملک، محمد رضوان، بابراعظم، محمد نواز، عمادوسیم، محمد عامر، وہاب ریاض، محمد عرفان، سہیل تنویر، عماد بٹ

Leave your vote

0 points
Upvote Downvote

Total votes: 0

Upvotes: 0

Upvotes percentage: 0.000000%

Downvotes: 0

Downvotes percentage: 0.000000%

اپنا تبصرہ بھیجیں